تربت( این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر میر عبدالرؤف رند کی جانب سے تربت شہر کو نئے آرمی چیف کے حق میں خیرمقدمی پینافلیکس سے سجایاگیا جن پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا
اورپاک فوج کے حق میں کلمات درج تھے، تربت شہر کے مختلف شاہراہوں پر بڑے پیمانے پر آویزاں کئے گئے ،پینافلیکس شہریوں کی نگاہوں کامرکز بن گئے ہیںجبکہ ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر میر عبدالرؤف رند اورمیر یاسربہرام رند کے اشتراک سے نئے آرمی چیف کے حق میں ایک کار ریلی نکالی گئی، ریلی میں عمائدین اورشہریوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈزاٹھارکھے تھے۔ریلی کے شرکاء کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی آسٹاف، جنرل ساحرشمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی اور کہاگیاکہ بلوچستان بالخصوص کیچ کے عوام نئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیدعاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا کی تعیناتی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مسرت کااظہارکرتے ہیں، ان کی تعیناتی سے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے حوصلے اور جذبے مزید بلند ہوں گے اور افواج پاکستان مزید پیشہ ورانہ انداز میں مضبوط و توانا بن جائے گی، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر میر عبدالرؤف رند نے اپنے بیان میں کہاکہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ کے حق میں خیرمقدمی ریلی نکالنا خوش آئند ہے۔