لاہور( این این آئی)پاکستانی شاہکار فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”کو 23 دسمبر کو بھارت میں ریلیز کئے جانے کا امکان ہے اور اسی روز رنویر سنگھ کی ”سرکس ”بھی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”نے ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے اورفلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 200 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”23 دسمبر کو بھارت میں ریلیز ہوسکتی ہے ۔ معروف بھارتی فلمساز ادارہ زی اسٹوڈیوز فلم کو ریلیز کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔بھارت میں ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ ”کی ریلیز بہت اہم سمجھی جارہی ہے کیونکہ 2016 سے پاکستانی فلموں اور اداکاروں پر غیر سرکاری پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز ہوتی ہے یا نہیں اس بارے میں آئندہ ہفتے ساری صورت حال واضح ہوجائے گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر فلم 23 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوتی ہے تو باکس آفس پر اس کا ٹاکرا بھارتی فلم ”سرکس ”سے ہوگا جس میں رنبیر سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔