دبئی (این این آئی)آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے امیدواران کی فہرست جاری کردی جس میں دو پاکستانی کرکٹر بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے لیے 9 کھلاڑیوں کی نامزدگی کی فہرست جاری کی ہے جس میں 2 پاکستانی کرکٹرز شامل ہیں۔
آئی سی سی کی فہرست میں پاکستان کے شاداب خان اور شاہین آفریدی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے امیدواروں میں شامل ہیں۔بھارت سے سوریا کمار یادیو اور ویرات کوہلی جب کہ انگلینڈ کے سیم کرن، جوز بٹلر اور ایلیکس ہیلز نامزدگیوں میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ زمبابوے کے سکندر رضا اور سری لنکا کے ہسارنگا بھی ایوارڈ کیلئے شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔آئی سی سی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے انتخاب کے لیے فینز کے ووٹس بھی شامل کرے گا۔ دوسری جانب آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کر دی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل اتوار کے روز میلبرن کرکٹ گرانڈ میں کھیلا جائے گا تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کر دی اور ریزرو ڈے والے روز یعنی پیر کو میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہو گی کہ میچ اتوار کو ہی مکمل ہو جائے، بارش کی صورت میں ریزرو ڈے پر مقابلہ پیر کو دن 3 بجے شروع کیا جائے گا۔ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ٹورنامنٹ کے ناک آٹ مرحلے کے میچ میں ہر سائیڈ کے لیے کم از کم 10 اوورز کا کھیل ضروری ہے
اور میچ کو مکمل کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ میچ والے روز لیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے اتوار کے روز ہی فیصلے لیے جائیں گے کہ آیا میچ کو مکمل کرنے کے لیے اوورز کی تعداد کم کی جائے یا پھر اگر میچ اتوار کے روز ممکن نہ ہو تو میچ کو اگلے روز جاری کیا جائے۔



















































