اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے سابق رہنما خرم حمید روکھڑی نے کہا ہے کہ جنرل فیصل نصیر سے رابطہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خواہش پر کیا تھا۔ایک انٹرویومیں خرم حمید روکھڑی نے کہا کہ جنرل فیصل نصیر سے ملاقات میں انہیں عمران خان کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔
خرم روکھڑی نے کہا کہ جنرل فیصل نصیر چاہتے تھے پی ٹی آئی والے فوج کو برا بھلا نہ کہیں۔انہوںنے کہا کہ تیسری ملاقات میں عمران خان کے نمائندے کے طور پر سلمان احمد بھی ساتھ تھے۔انہوںنے کہاکہ جنرل قمر باجوہ کی ایکسٹینشن کے وقت کہہ رہا تھا یہ نہ کرو،میرٹ پر فیصلہ ہونا چاہیے، ہم کیوں کہیں آرمی چیف ہماری مرضی کا لگے، یہ ہمارا ذاتی ڈپارٹمنٹ نہیں فوج ہے۔خرم حمید روکھڑی نے کہا کہ میری کوشش تھی ادارے کیخلاف ہمارا بیانیہ آگے نہ بڑھے، عمران خان کے قتل کے حوالے سے مجھے کچھ نہیں پتہ تھا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان سے میرا تعلق 22سال پرانا ہے، عمران خان سے آخری ملاقات 15دن پہلے ہوئی،2018 الیکشن میں پی پی86 کیلئے اپلائی کیا لیکن ٹکٹ نہیں ملا۔خرم حمید روکھڑی نے کہاکہ میرا پی ٹی آئی سے تعلق اتنا پرانا ہے جتنا عمران خان کی سیاسی جدو جہد ہے، عمران کو کہا جیسے نوازشریف کا لاہور اور بینظیر کا لاڑکانہ ہے ویسے ہی آپ کا میانوالی ہوگا۔



















































