ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا آغاز ، موسم سرد ، شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے۔سردی میں اضافے کے ساتھ ہی استور میں لکڑی اور گندم کی قلت پیدا ہو گئی ، شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلا م آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے آغاز سے موسم سرد ہوگیا اور شہریوں نے گرم کپڑے نکال لئے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا جس کے باعث شہریوں نے گرم کپڑے نکال ئے ادھر گلگت بلتستان سمیت ملک کے شمالی علاقوں، آزاد کشمیر اور شمالی بلوچستان میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے سلسلے کا آغاز ہوگیا، زیارت میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔وادی کوئٹہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ،بارش سے شمالی علاقہ جات اور اسلام آباد، راولپنڈی میں خنکی بڑھ گئی، سردی میں اضافے کے ساتھ ہی استور میں لکڑی اور گندم کی قلت پیدا ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا ۔