اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جیل جانے کیلئے تیار ہیں،جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے، انصاف قائم نہیں ہو گا،سوات میں حالات تشویش ناک ہیں، یہ وفاق کا معاملہ ہے ، ایجنسیوں کا یہ کام نہیں کہ فون ٹیپ کر کے اسے ریلیز کیا جائے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت میں پیشی سے قبل صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ اگر ضمانت نہ ہوئی تو کیا ہو گا ؟، جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ میں نے تیاری کررکھی ہے، میں جیل جانے کے لیے تیار ہوں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم ہوتے ہوئے آپ کو پتا تھا کہ فون ٹیپ ہوتے ہیں ؟۔ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ سرویلنس تو ہوتی ہے،یہ نیشنل سکیورٹی کا ایشو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیز کا کام وزیر اعظم کی پروٹیکشن ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ساری پارٹیوں کی فنڈنگ اکٹھی سنی جائے تو یہ میں آج آپ کو لکھ کر دیتا ہوں کہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہوگی جس کی فنڈریزنگ قانونی ہوگی، باقی سب کی دو نمبر ہوگی۔