دبئی(این این آئی) ایشیاء ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل آج اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا ۔تفصیلات کے مطابق ایشیاء ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل (آج)اتوار کو کھیلا جائیگا جس میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی ۔ شیڈول کے مطابق دونوں
ٹیموں کے درمیان میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان سے شکست کے بعد افغانستان اور بھارت پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں،گزشتہ روز پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔گرین شرٹس کی جیت کے ساتھ سپر فور مرحلے میں اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس حاصل کرنے والی سری لنکن ٹیم نے بھی فائنل میں جگہ بنائی۔بھارت اور افغانستان کو سپر فور مرحلے میں اپنے دنوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رپورٹ کے مطابق فائنل کیلئے پاکستان ٹیم میں کم از کم دو تبدیلیاں یقینی ہیں ۔ یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف سپر فور کے میچ میں شاداب خان اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا تھا اور ان کی جگہ حسن علی اور عثمان قادر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے فائنل میچ کے لیے شاداب خان اور نسیم شاہ کی پلیئنگ الیون میں واپسی ہو گی۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے لیے فخر زمان اور مڈل آرڈر کا تسلسل کے ساتھ رنز نہ کرنا بھی پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔