وزیراعظم ہاؤس ماڈل ٹاؤن میں 266 پولیس اہلکار تعینات،مریم نواز اور وزیراعظم کی عدم موجودگی کے موقع پر سکیورٹی کم کرنے کا فیصلہ
لاہور(این این آئی)صوبائی حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیر اعظم کی
ماڈل ٹاؤن رہائشگاہوں کی سکیورٹی ان کی عدم موجودگی کے دوران کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ فیصلہ گزشتہ روز ہونے والی صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس ایڈیشنل ہوم سیکرٹری کی زیر صدارت منعقد ہو ا۔اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مریم نواز اور وزیر اعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پران کی غیر موجودگی میں سکیورٹی کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس ماڈل ٹاؤن میں 266پولیس اہلکار تعینات ہیں،مریم نواز کی رہائشگاہ رائیونڈ جاتی امراء سے بھی سکیورٹی کم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں پولیو ٹیموں پر حملوں کے بعد ان کی سکیورٹی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر سکیورٹی انتظامات بھی زیر بحث آئے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انگلینڈ کی ٹیم کو فول پروف سکیوڑٹی فراہم کی جائے گی۔