صوبائی حکومت کا سیلاب متاثرین کو نئے گھر تعمیر کر کے دینے کا اعلان
پنو عاقل(این این آئی)صوبائی وزیربلدیات سید ناصت حسین شاہ نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، نئے گھر تعمیر کر کے دیئے جائیں گے۔
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے رات گئے پنو عاقل کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے متاثرین سے سہولیات بارے معلومات لیں اور انہیں درپیش مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ناصر شاہ نے متاثرین سے گفتگو میں کہا کہ
سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور ہم سب کو خاص ہدایت دی ہے کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
صوبائی وزیر نے متاثرین کے مطالبے پر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مچھر مار اسپرے کرنے کی ہدایت کی۔وزیر بلدیات سندھ نے کہاکہ متاثرین کو خیمے اور تین ٹائم کا کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
جن کے گھر گر گئے ہیں، ان کو نئے گھر تعمیر کر کے دیئے جائیں گے، جس پر سیلاب متاثرین نے جیئے بھٹو اور سندھ حکومت زندہ آباد کے نعرے لگائے۔