اسلام آباد (آن لائن)عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں کمی کا ریلیف پاکستانی عوام کو نہ مل سکا، حاصل کردہ دستاویز کے مطابق 16 سے 31 اگست کے دوران پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 7.3 فیصد کمی ہوئی، اس طرح 15 روز میں عالمی منڈی،
میں پٹرول 14.35 روپے فی لٹر سستا ہوا لیکن حکومت نے قیمت میں کمی کی بجائے پٹرولیم لیوی 17.5 روپے فی لٹر بڑھا دی، اور پٹرول پر لیوی 20 سے بڑھ کر 37 روپے 50 پیسے فی لٹر ہو گئی،اس طرح پٹرول سستا ہونے کی بجائے قیمت تین روپے فی لیٹر بڑھ گئی۔16 اگست کو پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 197 روپے 39 پیسے تھی اور 31 اگست کو پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 183 روپے 4 پیسے ہو گئی،پٹرول سستا نہ ہونے سے عوام پر ایک ماہ میں 30 ارب روپے سے زائد بوجھ پڑے گا۔ علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اوگرا نے عالمی منڈی کی قیمت کے حساب سے پاکستان میں پٹرول 16 روپے لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی تھی۔واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کے بعد عوام حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر کو شہر بھر کے پٹرول پمپوں پر پٹرول کے حصول کے لئے آنے والے شہری بلبلا اٹھے اور قیمتوں میں اضافے پر وفاقی حکومت کو کوستے رہے۔ عوام حلقوں نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی فوری تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ 31 اگست کی رات وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2روپے 7 پیسے فی لٹر اضافہ کردیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 99 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔