اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے شہباز گل پر تشدد کی انکوائری کیلئے خواجہ سعد رفیق،مصطفی نواز کھوکھر اور شیری مزاری پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ہفتہ کے روز پولیس ہیڈ کوارٹر ز میں شہباز گل کے معاملے
اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے شہباز گِل پر تشدد کے معاملے پر آزادانہ لوگوں کو انکوائری سونپی جائے،پولیس کی انکوائری پر کوئی یقین نہیں کرے گا،ان کا کہنا تھا کہ علی اعوان اور راجہ خرم نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے،عثمان ڈار بھی شہباز گل سے ملے تھے وہ بھی اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے،فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کیسز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم تشدد کی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، الزامات لگ جاتے ہیں مقدمات بن جاتے ہیں لیکن تشدد پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک آزادانہ انکوائری کی ضرورت ہے اور میری ذاتی رائے ہے کہ سینئر لوگوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق،پیپلز پارٹی کے مصطفی نواز کھوکھر اور پی ٹی آئی کی شیری مزاری شامل ہوں،کمیٹی شہباز گل پر ہونے والے بیہمانہ تشدد کی رپورٹ تیار کرے اور حقائق قوم کے سامنے لائے اس کے علاوہ کوئی رپورٹ قابل قبول نہیں ہے اور نہ ہی کوئی قبول کرے گا۔