بیجنگ (آن لائن) چین میں شدید گرمی اور خشک سالی کے باعث 66 دریا سوکھ گئے اور معیشت کو 400 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچ چکا ہے۔غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق چین کے ریجن سیچوان سے شنگھائی تک کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور ملک میں پہلا خشک سالی یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ صو بہ جیناگ شی میں پویانگ جھیل شدید گرمی سے سکڑ گئی ہے جبکہ مغربی چین کی 34 کاؤنٹیز میں 66 دریا سوکھ گئے ہیں۔ ملکی میڈیا کے مطابق چنگ چِنگ میں اس سال معمول سے 60 فیصد کم بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں اور صوبے کے متعدد اضلاع کی زمین میں نمی کم ہو گئی ہے۔چینی وزارت برائے ہنگامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں شدید گرمی کے باعث تقریباً 5.5 ملین افراد متاثر ہوئے جبکہ معیشت کو 400 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔