ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ، لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ
لاہور( این این آئی)وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج ہفتہ کے روز سے ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 6 سے 9 اگست کے دوران کشمیر، اسلام آبا، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ ،
مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ 10سے 13 اگست کے دوران کشمیر،
گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب،خیبرپختونخواہ ، سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے،بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
شیری رحمان نے بتایا کہ موسلا دھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے،
اس دوران برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔انہوںنے کہا کہ دریائے راوی، جہلم اور چناب کے
ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کی توقع ہے جبکہ مری ،چلاس، دیامر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔