اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ، عمران کی درخواست پر اعتراضات ختم، کھلی سماعت کا حکم
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی
درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردیے اور کیس کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔اوورسیز پاکستانیوں
کے آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس اعتراضات پر
ان چیمبر سماعت جسٹس سجاد علی شاہ نے کی۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست پر براہ راست سپریم کورٹ آنے
اور متعلقہ فورم پر نہ جانے کے اعتراضات عائد کیے تھے۔جسٹس سجاد علی شاہ نے رجسٹرار آفس اعتراضات ختم کر دیے
اور کیس کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ عمران خان نے آئندہ انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دلوانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔