ریاض(این این آئی) مسجدالحرام کے سابق امام شیخ عادل الکلبانی کی جدید لباس میں ملبوس ہارلے ڈیوڈسن موٹر بائیک پر سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق امام کعبہ شیخ عادل الکلبانی
سڑک کنارے ہارلے ڈیوڈسن موٹر بائیک پر سوار سڑک کنارے ایک شخص سے گفتگو کر رہے ہیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے جدید لباس زیب تن کیا ہوا ہے جس پر امریکی پرچم سمیت دیگر نشانات بھی ہیں۔شیخ عادل الکلبانی ویڈیو میں مسکراتے ہوئے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے بھی دیکھ جا سکتے ہیں۔سابق امام کعبہ کو نئے حلیے میں دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران ہیں اور جہاں بہت سے ان پر تنقید کر رہے ہیں وہیں بہت سے ان کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ شیخ نے میری رائے میں کوئی حرام کام نہیں کیا، ہم امام کو خصوصا حرم کے اماموں کو ایک مخصوص لباس میں دیکھنے کے عادی ہیں اور کسی اور حلیے میں دیکھنا قبول نہیں کرتیجو کہ غلط ہے۔ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ان کے لیے موٹرسائیکل چلانا ممنوع تونہیں ، ایک صارف نے کہا کہ جدید کپڑے پہننے میں کیا حرج ہے؟ یہ ان کی مرضی ہے اور یہ آزادی ہے۔اس موقع پر شیخ عادل الکلبانی خود بھی اپنے ٹوئٹر اکانٹ سے سرگرم نظر آرہے ہیں اور لوگوں کی ٹوئٹس کا خندہ پیشانی سے جواب دے رہے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل وہ سعودی عرب میں منعقد ہونے والے تفریحی میلے ریاض سیزن 2021کومبیٹ فیلڈ زون کی پروموشن کے لیے بننے والی اشتہاری فلم میں بھی نظر آئے تھے۔پروموشنل ویڈیو میں سابق امام کعبہ شیخ عادل الکلبانی نے بھی حصہ لیا تھا جس میں فوجیوں کو جنگی میدان میں لڑائی کرتے ہوئے اور جنگی ہتھیاروں کا استعمال دکھایا گیا تھا۔