اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد اپنی سیاسی جماعت کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس طلب کرلیا۔نجی ٹی وی” دنیانیوز “کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے
اجلاس میں ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی جبکہ وزیر اعظم آج یا کل اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کوپنجاب کے 20حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے تمام نتائج موصول ہو گئے، 20 حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آوٹ 49.69 فیصد رہا۔پاکستان تحریک انصاف 46.08 فیصد ووٹ لے کر پہلے ،مسلم لیگ (ن)نے 39.05 فیصد ووٹ لے کر دوسرے ، آزاد امیدواروں نے 7.7 فیصد جبکہ تحریک لبیک پاکستان نے5 فیصد ووٹ حاصل کئے ۔بیس حلقوں میں ٹوٹل ووٹرز کی تعداد 45لاکھ 79 ہزار 898 تھی، الیکشن کمیشن کو 3131 پولنگ سٹیشن کے نتائج آر ایم ایس سسٹم کے ذریعے ملے۔پی ٹی آئی نے20 میں سے 15 نشستوں پر ،مسلم لیگ (ن)4 جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار نے جیتی ۔مسلم لیگ (ن)نے لاہور، راولپنڈی، بہاولنگر اور مظفر گڑھ سے نشستیں جیتیں۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان ،ساہیوال ، لودھراں، لیہ اور بھکر سے پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب رہے۔