تحریک انصاف کا پی پی 7 راولپنڈی کے نتائج چیلنج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ، این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن پی پی 7 راولپنڈی کے نتائج چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،
واضح رہے کہ یہاں تحریک انصاف صرف 49 ووٹ سے ہاری ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان
نے الزام لگایا ہے کہ پی پی 7 کا رزلٹ پولیٹیکل انجینئرنگ کے بعد آیا ہے۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں لانگ مارچ کے
دوران توڑ پھوڑ کے کیسز میں پیشی کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
انتخابی حلقے پی پی 7 کا نتیجہ پولیٹیکل انجینئرنگ کے بعد آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 45 منٹ کے فاصلے پر پی پی 7 ہے،
پورے پنجاب کا رزلٹ آ گیا لیکن اس حلقے کا نہیں آیا، الیکشن کل ہوا اور نتیجہ 18 کو پولیٹیکل انجینئرنگ کے بعد آیا۔
بابر اعوان نے کہا کہ اس حلقے میں گنتی کے لیے ہمارے الیکشن ایجنٹ اور امیدوار کو باہر نکال کر بٹھا دیا گیا تھا،
بھولنا نہیں چاہیے کہ لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہے اگر دھاندلی ہوئی تو توہین عدالت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کل کے
الیکشن میں نئی تاریخ بنی ہے، حکومت الیکشن کا اعلان کرے، ہم نے ساڑھے 3 سال پارلیمنٹ میں بھی لڑائی ہی لڑی،
دنیا کی تاریخ میں پہلی دفعہ 40 لاکھ زندہ انسانوں کو مردہ دکھایا گیا، ہم اسی لیے کہتے تھے کہ ای وی ایم آنے دو لیکن انہوں نے نہیں آنے دی۔