نئی دہلی(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ٹوئٹ پر وکرانت گْپتا نے لائیو شو میں پاکستانی کپتان کوشاندار الفاظ میںخراجِ تحسین پیش کیا۔ بابر اعظم کی بھارت کے آؤٹ آف فارم کرکٹر ویرات کوہلی کی ہمت باندھنے کے لیے کی گئی
ٹوئٹ کے بھارتی میڈیا پر بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں۔پاکستانی سوشل میڈیا سمیت بھارتی ٹوئٹر پر بھی بابر اعظم کی خوب تعریف کی گئی، بھارتی صارفین کی جانب سے پاکستانی کپتان کے بڑے دل کو خوب سراہا گیا اور ان کے کیرئیر کے لیے دعا بھی کی گئی۔صرف یہی نہیں بلکہ بھارت کے نامور سپورٹس اینکر وکرانت گپتا نے بھی لائیو شو کے دوران بابر اعظم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اس اقدام کو سراہا۔وکرانت گپتا نے بابر اعظم کی ٹوئٹ دیکھتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کپتان بابر نے ایک ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے اپنی اور ویرات کوہلی کی تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ بھارتی صحافی نے کہا ”بہت بڑھیا یار بابر”، باس تم نے تو دل جیت لیا، بابر اعظم یار ٹھیک ہے میں مانتا ہوں، تم ہیرو تو ہو ۔وکرانت گپتا نے کہا کہ بابر نے پاکستان سے کوہلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور انہیں یہ احساس دلایا ہے کہ میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، کیا بات کی ہے بابر اعظم، مزہ آگیا آج، ساتھ ہی وکرانت گپتا نے سلیوٹ بھی کیا۔انہوں نے پاکستانی کپتان سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کی سوچ نے آج دل جیت لیا۔