اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کا پسندیدہ گورنر ہائوس نتھیا گلی محکمہ سیاحت کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش کے لیے کیا گیا ہے۔ جب کہ اس نمائندے کے رابطے کے باوجود کے پی کے حکومت نے سرکاری موقف نہیں دیا۔
روزنامہ جنگ میں فخر درانی کی شائع خبر کے مطابق، پی ٹی آئی گورنر کے استعفیٰ دینے کے بعد عمران خان کا پسندیدہ گورنر ہائوس نتھیا گلی محکمہ سیاحت کو منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ اب بھی اپنے پسندیدہ سیاحتی مقام گورنر ہائوس نتھیا گلی کو گیسٹ ہائوس کے طور پر اب بھی استعمال کرسکتے ہیں کیوں کہ گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان کے مستعفی ہونے کے بعد گورنر ہائوس محکمہ سیاحت کے سپرد کردیا گیا ہے جو کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کے ماتحت ہے۔ خیبر پختون خوا حکومت نے 27 اپریل 2022 کو گورنر ہائوس محکمہ سیاحت کے حوالے کیا تھا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ مستقبل میں عمران خان کے پسندیدہ مقام پر ان کی رہائش کے انتظامات کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے گورنر ہائوس محکمہ سیاحت کے حوالے کیا۔ 2020 میں صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ آئوٹ سورسنگ مقاصد کے لیے پانچ ریسٹ ہائوسز بشمول گورنر ہائوس، وزیر اعلیٰ ہائوس، اسپیکر ہائوس، پولیس (آئی جی) ہائوس اور کرنک ہائوس کو محکمہ سیاحت کے حوالے کیا جائے گا۔ جس کے بعد صوبائی حکومت نے محکمہ سیاحت کو گورنر ہائوس کے سوا باقی چار ریسٹ ہائوسز دے دیئے تھے۔ گورنر ہائوس شاہ فرمان کے زیر استعمال ہونے کے سبب محکمہ سیاحت کو نہ دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ گورنر ہائوس محکمہ سیاحت کو دیئے جانے کا واحد مقصد یہ ہے کہ عمران خان وہاں رہائش رکھتے رہے ہیں۔