اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے۔ مہنگا پیٹرول خریدنے سے تنگ آکر شہری نے اپنی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق شہری گل بیگ کا تعلق شکار پور سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے پر شہری نے موٹر سائیکل کو آگ لگائی،جائے وقوعہ پر موجود شہریوں نے موٹر سائیکل پر لگی آگ کو بجھا دیا۔گل بیک کا کہنا ہے کہ مہنگائی ایسی طرح رہی تو خود کو بھی آگ لگا دوں گا۔اس سے قبل ون وے کی خلاف ورزی سے روکنے پر کراچی کے شہری نے اپنی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی تھی۔ دوسریجانب پاکستان بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی آسمان کو چھوتی قیمتوں نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا کر دیا ہے، صارفین حکومت پر تنقید کر رہے ہیں اورکچھ لوگوں نے اس مشکل صورتحال میں بھی اپنی حسِ مزاح کو استعمال کرنا نہیں چھوڑا۔پیٹرول مہنگا ہونے پر سوشل میڈیا پر ناصرف میمز کی بھرمار ہوئی بلکہ ایک ایسی ویڈیو وائرل ہے جو انتہائی غیر معمولی ہے۔ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر حسین بٹ نامی صارف نے مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جس میں فیڈر سے گاڑی میں پیٹرول ڈالا جا رہا ہے۔اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صارف نے پیٹرول پمپ سے پہلے چھوٹی سی فیڈر میں پیٹرول ڈالا اور پھر اسے گاڑی میں بھرنے لگا۔مذکورہ ویڈیو صارفین میں بے حد مقبول ہو رہی ہے اور اسے بڑی تعداد میں شیئر بھی کیا جا رہا ہے جبکہ اس پر لوگوں کے مزیدار تبصروں بھی دیکھے گئے ۔