اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی ) وزیر اعظم شہباز شریف نے غریبوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا جس کے تحت 20 کلو آٹے کا تھیلا کم ہوکر 800 روپے میں ملے گا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والے حکومتی ترجمان کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ
بڑے ریلیف پروگرام کے تحت 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے 150 روپے کم ہوکر 800 روپے جبکہ چینی کی قیمت 15 روپے فی کلو کم ہوکر 85 روپے کی جگہ 70 روپے کردی گئی ہے۔ریلیف پیکج کے تحت غیرشہریوں کو گھی، چاول اور دالوں پر بھی رعایت دی جارہی ہے۔ حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی ریلیف پیکج ہے جو سابق حکومت کے ریلیف کے مقابلے میں پچاس فیصد زیادہ ہے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق ریلیف پیکج پر یکم جون سے عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔دوسری جانب ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پرگھی اورکوکنگ آئل مہنگا کردیا گیا۔یوٹیلیٹی اسٹورزپرمختلف برانڈزکے گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایک کلوگھی کی قیمت میں 208 روپیتک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورزپرمختلف برانڈز کے گھی کی فی کلو قیمت 555 روپے تک پہنچ گئی ۔ مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 213 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پرکوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 605 روپے تک پہنچ گئی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل اور گھی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔