سکھر(این این آئی)روہڑی میں پسند کی شادی کرنے پر ملزمان نے گھروں کو آگ لگا دی ،چار سالہ بچی جھلس کر جاں بحق ،لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی نذر آتش ،مویشی بھی جھلس کر ہلاک ہوگئے تفصیلات کے مطابق سکھر ضلع کی تحصیل روہڑی کے علاقے کے
گاؤں میوو کلادی میں چوہان برادری کی لڑکی کی جانب سے پہنوار برادری کے لڑکے سے پسند کی شادی کرنے کے معاملے پر جاری تنازعہ میں چوہان برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے پنہوار برادری کے گھروں کو مبینہ طور پر آگ لگادی جس کے نتیجے میں ایک چار سالہ بچی جھلس کر جاں بحق ہوگئی جبکہ کئی گھر جل کر خاکستر ہوگئے آتشزدگی کی وجہ سے گھروں میں کھڑے لاکھوں روپے کے مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے اور اناج سمیت لاکھوں روپے مالیت کا دیگر سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا واقعہ کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب متاثرہ پنہوار برادری کا کہنا تھا کہ انہوں نے گھروں کو آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر فائربریگیڈوالوں کی دی مگر اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ گاڑی جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی جس کی وجہ سے آگ لگنے سے ان کا زیادہ نقصان ہواہے واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری جمعیت علاقے میں پہنچ گئی ہے اور اس نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔