نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں محکمہ آثار قدیمہ نے مغل شہنشاہ اورنگ زیب کے مقبرے کو تباہ کرنے کی دھمکی کے بعد چند روز کے لیے اسے بند کر دیا ہے۔ دہلی میں بھی اورنگ زیب نام کی ایک گلی کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
بھارتی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ روز حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے لوگوں نے اورنگ زیب لین کے ایک سائن بورڈ کو مٹا دیا اور اس پر ایک بینر چسپاں کر دیا، جس پربابا وشواناتھ مارگ لکھا ہوا ہے۔یہ واقعہ بھارتی پارلیمان کے آس پاس کے علاقے میں پیش آیا۔ چند روز قبل ہی دہلی میں بی جے پی کے سربراہ آدیش گپتا نے اورنگ زیب لین، ہمایوں روڈ، اکبر روڈ اور شاہ جہاں روڈ کا نام بدل کر انہیں ہندوں کی شخصیات کے نام پر رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق اورنگ زیب لین کے سائن بورڈ کو مٹانے کے لیے بی جے پی کے جو کارکن جمع ہوئے، اس میں پارٹی کے کئی سرکردہ رہنما بھی شامل تھے۔ حکام نے اس حرکت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، تاہم بی جے پی کا کہنا ہے کہ اگر اورنگ زیب لین کا نام نہیں بدلا گیا تو اس کے کارکن احتجاج کے لیے روڈ پر نکلیں گے۔