لاہور( این این آئی)لاہور پولیس نے خواتین اہلکاروں کو اسلحہ دے کرفیلڈ میں اتارنے پرغورشروع کردیا۔بتایا گیا ہے کہ خواتین پولیس اہلکاروں کو بھاری ذمہ داری سونپنے کی تیاریاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں فائرنگ رینج میں خواتین کو اسلحہ سنبھالنے اور نشانہ بازی کی تربیت کا آغاز بھی کردیاگیا۔پولیس لائنزکی فائرنگ رینج میں لیڈیز پولیس اہلکاروں کو اسلحہ سنبھالنے اور نشانہ لگانے کی کمانڈو ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ ہنگامی حالات کے دوران جرائم پیشہ افراد کا ڈٹ کرمقابلہ کرسکیں۔ٹریننگ کا مقصد ہنگامہ آرائی اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کے دوران اسلحے سے لیس ہو کر مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے۔ پولیس لائنز میں لیڈیز پولیس کو مرحلہ وار تربیت دی جارہی ہے جس کے بعد نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے انہیں اسلحہ دے کرفیلڈ میں بھیجنے کا حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔