اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کیلئے ایمنیسٹی اسکیم کی منظوری دے دی۔وزارت داخلہ کی طرف سے وفاقی کابینہ کوایمنیسٹی اسکیم کیلئیبھیجی جانے والی سمری پر گذشتہ کابینہ اجلاس میں منظوری دی گئی،ایمنیسٹی اسکیم کا اطلاق ان پاکستانی شہریوں پرہوگا جو ایک سے زائد شناخت رکھتے ہیں اور انکے کے
پاس ایک سے زائدپاکستانی پاسپورٹس ہیں۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کیمطابق ایمنیسٹی اسکیم 31 دسمبر 2022 تک نافذالعمل رہے گی۔یاد رہے، پاسپورٹ ایکٹ 1974 کے سیکشن 6 کے تحت ایک سے زائد شناخت پر پاسپورٹ رکھنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 3 سال سزا ہوسکتی ہے۔وفاقی حکومت نے ایمنیسٹی اسکیم کے ذریعے پاسپورٹ ایکٹ کے سیکشن 12 کے تحت ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ایک دفعہ سزا سے معافی کا فیصلہ کیا ہے،ایمنیسٹی سکیم کو مفاد عامہ میں منظور کیا گیا ہے جس سے اندرون ملک اور بیرون ممالک مقیم پاکستانی یکساں استفادہ کرسکیں گے۔اس سے قبل 2006 سے 2016 تک وفاقی حکومت چھ ایمنیسٹی اسکیمز جاری کرچکی ہے جن سے تقریبا 12,000 ایک سے زائد شناخت والے پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایمنیسٹی سکیم سے تقریبا 38 ہزار ایک سے زائد شناخت رکھنے والے پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کیے جاسکیں گے،ایمنیسٹی اسکیم کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کیلئے پاکستان اور بیرون ملک مناسب تشہیر کی جائے گی۔