اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ لگتا ہے عمران خان بھارتی وزارت خارجہ کے پی آر او ہیں ۔ ٹوئٹر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران نیازی جتنی بھارت کی خارجہ پالیسی کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں ،لگتا ہے کہ وہ بھارتی وزارت خارجہ کے پی آر او ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی ہمارے نوجوانوں کیلئے کیا مثال قائم کر رہے ہیں؟ ،
میچ ہار جاؤ تو کیا کرو؟، وکٹ پہ لیٹ جاؤ، ایڑیاں رگڑو ، میدان خراب کرو مگر قانون نہ مانو اور خوب بے عزت ہو۔ انہوں نے کہاکہ قوم نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا یہ انجام کیسے اور کیونکر ہوا؟ ،جب کسی ملک کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جیسا ہو گا تو اس کی ڈپلومیسی کا کیا انجام ہو گا؟۔ انہوںنے کہاکہ اپنی ناکامیوں اور نالائقیوں کو عالمی سازش کی تھیوری سے نہیں چھپا سکتے،پاکستان کی معیشت کا ستیاناس کر دیا، سفارتی شعبہ میں تنہا کر دیا، اداروں کو بے توقیر کر دیا، ،گورننس تباہ کر دی،ملک برباد کر دیا اور اب خودمختاری کے چمپئن کیسے بنتے ہو،اب گھر جانے کا وقت ہے کتنا بے عزت ہونا ہے۔انہوںنے کہاکہ کیا امریکہ نے کہا مہنگائی کرو؟،کیا امریکہ نے کہا بجلی، گیس مہنگی کرو؟،کیا امریکہ نے کہا روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 190 کرو؟،کیا امریکہ نے کہا کرپشن کا سنڈے بازار گرم کرو؟،کیا امریکہ نے کہا کشمیر پہ بھارت کو یکطرفہ قبضہ کی اجازت دو؟،کیا امریکہ نے کہا چن چن کے نالائق مشیر رکھو؟۔انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک طرف ہے اور پاکستان کی تمام جمہوری قوتیں دوسری طرف ہیں جنہوں نے 2018 کے انتخابات میں مجموعی طور پہ 70 فیصد ووٹ لئے تھے- انہوںنے کہاکہ عمران نیازی کے بقول یہ 70 فیصد غدار ہیں وہ اکیلے محب وطن ہیں،جو شخص ایسا دعوی کرے اس کی ذہنی کیفیت کے بارے میں کچھ کہنا فضول ہے۔