لاہور(این این آئی) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریاست کو بچانے کے لییعمران خان کو جانا ہو گا، ہماری گنتی پوری ہوگئی، 8 یا 9 تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ
ہماری کوشش ہو گی امپائر نیوٹرل ہو جائے۔ اس سے قبل خورشید شاہ نے وزیراعظم کو ہٹانے سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی کو ہٹانے کا فارمولہ دیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور آصف زرداری سے رابطوں کے دوران اس فارمولے پر غوروحوض کیا تھا۔اس کے برعکس مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی تھی کہ ماحول بنا ہوا ہے، وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تاخیر نہیں کی جانی چاہیئے۔ پہلے اسپیکر کے خلاف تحریک آئی تووزیراعظم کو ارکان مینیج کرنے کا وقت مل جائے گا۔ سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوبھی گئی تو عمران خان فوری اعتماد کا ووٹ بھی لے سکتا ہے، ایسا کرنے کی صورت میں اپوزیشن چھ ماہ تک عمران خان کے خلاف عدم اعتماد نہیں لا سکے گی،سپیکر کو ہٹانے کے بعد وزیراعظم کو ہٹانے کے لیے مزید وقت دینا ٹھیک نہیں ہوگا۔