کراچی( این این آئی)گندم کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران فی کلو 8روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں کمی کے رحجان کا سلسلہ جاری ہے اورگزشتہ ایک ہفتے کے
دوران گندم کی قیمتوں میں8روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں مزید 2روپے کمی کے بعد63روپے فی کلو ہوگئی، حکومت کی جانب سے فلور ملز کو ایک لاکھ ٹن گندم فراہم کی گئی۔ذرائع کے مطابق سرکاری گندم کی فراہمی کے بعد بھی فلور ملز نے قیمتوں میں کمی نہیں کی ،فلور ملزکی جانب سے فائن آٹا74روپے کلواور ڈھائی نمبرآٹا70روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔سرکاری نرخ 55روپے فی کلو پرمارکیٹ میں آٹا دستیاب نہیں ہے جبکہ آٹا چکیوں کو کم مقدارمیں گندم فراہمی پر قیمت میں 5روپے فی کلواضافہ ہوگیا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 129آٹاچکیوں کو16ہزار بوری یعنی12سو ٹن گندم فراہم کی گئی، 129آٹاچکیوں کی ماہانہ ضرورت 20ہزارٹن ہے۔