لاہور (مانیٹرنگ،آن لائن)قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے، قومی بچت نے شرح منافع میں رد و بدل کرتے ہوئے بہبود و پنشن سرٹیفیکٹ کے ساتھ ساتھ ریگولر، اسپیشل اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکٹ کے شرح منافع کو بڑھا دیا ہے۔ شرح منافع کے
حوالے سے رد و بدل کے بعد ریگولر انکم سرٹیفیکٹ کی شرح منافع 2 اعشاریہ 4 فیصد اضافے کے ساتھ 10 اعشاریہ 80 فیصد ہو گئی ہے،اسی طرح اسپیشل سیونگ سرٹیفیکٹ کی شرح منافع 2 اعشاریہ 40 فیصد اضافے سے 10 اعشاریہ 60 فیصد ہوئی ہے۔دوسری جانب لاہور سمیت ملک بھر میں واقعہ قومی بچت مراکز میں سرمایہ کاری کرنے والے غریب شہری قومی بچت کی مختلف سکیموں پر عائد منافع میں اضافے سے محروم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تمام کمرشل بینکوں میں موجود عوام کے پیسوں پر شرح سود میں اضافہ کردیا گیا تھا لیکن وفاقی حکومت نے قومی بچت سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو دئیے جانے والے منافع میں اضافے سے چپ سادھ رکھی ہے اور ان غریب شہریوں کو جن کا دارومدار اسی منافع پر ہے میں اضافے کو نظر انداز کردیا ہے جس سے ان مراکز میں سرمایہ کاری کرنے والے ریٹائرڈ ملازمین اور معمر شہریوں کو شدید مایوسی کا سامنا ہے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ قومی بچت کی سکیموں کے منافع میں حالیہ مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ کیا جائے۔