اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی ) احتساب عدالت نے سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کواشتہا ری قرار دیا ہے اوران کے دائمی وارنٹ بھی جاری کیے جا چکے ہیں ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیب کیس کی اشتہاری سابق چیئرپرسن بےنظیر انکم اسپورٹ فرزانہ راجہ امریکا میں کاروبارنکل آئے ۔ تفصیلات کے مطابق فرزانہ راجہ ان دنوں امریکی ریاست جارجیا میں مقیم ہیں
اور رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کر رہی ہیں ۔ نجی خبر رساں ادارے کے مطابق نیب کیس کی اشتہاری سابق چیئرپرسن بےنظیر انکم اسپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ امریکی ریاست جارجیا میں موجود ہیں اور وہاں ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کر رہی ہیںاور انہوں نے یہاں مقامی امریکیوں کو اپنا پروفائل پیس بلڈر اور انٹرنیشنل ہیومنٹیرئین ایکشن ایڈوائزر کے طور پر بتا رکھا ہے۔ اس کے علاوہ وہ “یونیورسل فیملیز” نامی ایک انوسٹمنٹ کمپنی بھی چلاتی ہیں جبکہ فرزانہ راجہ نے کینسر کے حوالے سے ایک فاؤنڈیشن بھی بنا رکھی ہے۔خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان سے آنے کے بعد یہاں کئی قسم کے خاندانی مسائل سے بھی دوچار رہی ہیں جن میں سابق شوہر سے بچوں کے حقوق کے لیے قانونی جنگ شامل ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق فرزانہ راجہ کے فیملی زرائع نے دعویٰ کیا کہ فرزانہ راجہ نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر 60 ملین ڈالر ورلڈ بنک، 490ملین ڈالر برطانیہ، 180ملین ڈالر یو ایس ایڈ اور 430ملین ڈالر ایشین ڈویلپمنٹ بنک سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرائے لیکن افسوس ان پر ہی لوٹ کھسوٹ کا الزام لگا دیا گیا ہے۔فیملی ذرائع نے بتایا کہ فرزانہ راجہ امریکا آکر انشورنس، پراپرٹی وغیرہ کا کام کر کے گزر بسر کر رہی ہیں۔ اگر وہ لوٹ کھسوٹ کر کے آئی ہوتیں توعیاشی کی زندگی گزار رہی ہوتیں۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق چیئرپرسن بینظیر
انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کواشتہا ری قرار دیدیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے ریفرنس پر سماعت کی ۔محمدسلیم بیگ سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے،احتساب عدالت نے فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دیدیااور فرزانہ راجہ کے ناقابل ضمانت وارنٹس جاری کر دیئے گئے ۔ جج اصغر علی نے کہاکہ فرزانہ راجہ کا شناختی کارڈ بلاک، نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
فرزانہ راجہ کو ریفرنس سے الگ کرکے فرد جرم کیلئے نئی تاریخ مقرر کر دیئے گئے ۔ وکلاء شریک ملزمان نے کہاکہ پہلے بتا دیا جائے کہ یہ حتمی ریفرنس ہے یا عبوری؟ ۔ وکلاء شریک ملزمان نے کہاکہ عبوری ریفرنس پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔ جج احتساب عدالت نے کہاکہ سپریم کورٹ کے مطابق انوسٹی گیشن کو کسی اسٹیج پر ختم نہیں کیا جا سکتا، احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر
نیب تفتیشی کو بھی طلب کرلیا ،احتساب عدالت نے سماعت 14جون تک ملتوی کردی۔قبل ازیں احتساب عدالت اسلام آباد نے کرپشن کے ریفرنس میں سابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار طلب کر لیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نےبے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے ریفرنس میں فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا۔عدالت نے فرزانہ راجہ کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی جبکہ شریک ملزم راجہ عبد
المناف اور فرزانہ راجہ کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کر دیئے۔عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ریفرنس آیا ہے فرزانہ راجہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئیں۔فاضل جج نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ بیرونِ ملک بیٹھی رہیں اور ہم استثنیٰ دیتے رہیں، حاضری سے استثنیٰ لینے کیلئے بھی ایک بار عدالت آنا ضروری تھا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار 1 ماہ کے اندر عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ 24 مئی تک فرزانہ راجہ پیش ہوں ورنہ وہ اشتہاری قرار پائیں گی۔