ا سلام آباد (آن لائن) مالی سال 2021.22 کے بجٹ میں وفاقی وزرا،وزرائے مملکت،مشیران اور معاونین خصوصی کی تنخواہوں کیلئے 27 کروڑ 42 لاکھ مختص کئے گئے ۔ بجٹ دستاویز کے مطابق وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت اور ان کے سٹاف کیلئے 21 کروڑ 73 لاکھ سے زائد رکھے گئے ہیں۔دستاویز کے مطابق وزیر اعظم کے مشیران اور ان کے سٹاف کیلئے 2 کروڑ 82 لاکھ روپے مختص کئے گئے ۔ وزیراعظم کے معاونین خصوصی کیلئے 2 کروڑ 86 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ وفاقی کابینہ اس وقت پچاس سے زیادہ اراکین پر مشتمل ہے ۔ بجٹ میں مختص رقم کابینہ اراکین کو تنخواہ،مراعات و دیگر استحقاقات کی مد میں ملے گی، وزرائے کے ساتھ تعینات ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بھی شامل ہیں ۔ وزارت پارلیمانی امور کے لیے 41 کروڑ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں ۔ پارلیمانی سیکرٹریوں کو تنخواہوں اور مراعات کی مد میں 16 کروڑ گیارہ لاکھ روپے سے زائد ملیں گے۔ سیکرٹریوں کے نظر ثانی شدہ اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا۔