لاہور(این این آئی)گارڈن ٹائون میں پولیس اہلکار کو روندھنے والا ملزم حمزہ نشے کا عادی نکلا ،پولیس کو ملزم کے خلاف دو درخواستیں دھوکہ دہی کی مزید موصول ہو گئیں ۔ پولیس کے مطابق گارڈن ٹائون میں پولیس اہلکار کو روندھنے والے ملزم حمزہ ہوٹل آنے سے پہلے بھی کوکین کا
استعمال کیا تھا، ملزم کے پاس ہوٹل کا کمرہ لینے کے لیے پیسے تک نہ تھے، ملزم حمزہ نے نشے کی حالت میں ہوٹل انتظامیہ کے ساتھ بدتمیزی کی،رینج روور کا مالک کوکین کا عادی ہے ، ہوٹل میں اداکارہ سوزینا کو ملنے کے لیے آیا تھا جہاں اس کے پاس کمرہ لینے کے پیسے بھی موجود نہیں تھے۔ملزم حمزہ نے اپنے اپ کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کیا جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس اہلکار حمزہ کو گاڑی میں لے کر تھانے بھی پہنچے تھے تاہم حمزہ نے گاڑی میں پیسے ہونے کا ڈرامہ کیا اور گاڑی تھانے کے اندر لگانے کی اجازت لی۔تھانے میں گاڑی لگانے کے بہانے سے حمزہ گاڑی کو دوڑا کر لے گیا۔ گاڑی میں اہلکار کے ساتھ ملزم حمزہ کی ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔ملزم کے خلاف دو درخواستیں دھوکہ دہی کی پولیس کو مزید موصول ہو گئی ہیں ایک درخواست پٹرول کے پیسے نہ دینے اور ایک فراڈ کی درخواست دی گئی ہے۔