لاہور(این این آئی) محکمہ ایکسائز نے اگلے ماہ سے بائیو میٹرک تصدیق کے بعد گاڑی رجسٹرڈ اور ٹرانسفر کرنے کا نظام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، تمام معاملات طے ہونے کے بعد نادرا نے 120 روپے فی تصدیق کی ڈیمانڈ کردی ہے۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 15 ہزار ای سہولت مراکزموجود ہیں، جہاں شہری گاڑی کی
بائیو میٹرک تصدیق کرواسکیں گے،ایکسائز کے تمام دفاتر میں بھی نادرا ای سہولت مراکزقائم کیے جائیں گے، خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد گاڑی ٹرانسفر ہوگی۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 7 لاکھ سے زائد گاڑیاں اوپن لیٹر پرچل رہی ہیں، بروقت ٹرانسفر نہ کروانے سے محکمے کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا ہے۔ بائیومیٹرک تصدیق کا سسٹم شروع کرنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔نادرا کی جانب سے بھجوائی گئی فیس کی تجویز کو کم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ معاملات طے پانے کے بعد جلد ایم او یو پرسائن ہونگے، جولائی سے ٹرانسفر اور رجسٹریشن کیلئے بائیومیٹرک نظام شروع کردیا جائے گا۔دوسری جانب لاہور سمیت ملک بھر کی سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں اساتذہ کی نئی ریکروٹمنٹ پالیسی نافذ کردی گئی۔ ایچ ای سی نے پی ایچ ڈی ڈگری کے بعد اساتذہ کی ریکروٹمنٹ کی پالیسی میں نرمی کردی۔ ایچ ای سی نے پی ایچ ڈی ڈگری کے بعد بھرتیوں کیلئے تجربے کی نئی شرائط لاگو کر دی ہے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی بھرتیوں میں تجربے کی مدت میں چار سال تک کمی کر دی۔مذکورہ عہدوں پر بھرتیوں کیلئے جرائد میں شائع شدہ تحقیقی مقالہ جات کی تعداد میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ31 مارچ کے بعد ہونے والی تمام نئی بھرتیوں پر ایچ ای سی کی نئی پالیسی لاگو ہوگی۔