مکوآنہ (این این آئی )اگرکسی کا موبائل چوری یاگم ہو جائے تو مالی نقصان تو ہوتا ہی ہے لیکن ساتھ ہی موبائل میں موجود ڈیٹا کے غلط استعمال کا خدشہ بھی تشویش کا باعث بنتا ہے تاہم اب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے گمشدہ یا چھینے جانے والے فون کو بلاک کروانے کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موبائل فون گم جانے کی صورت میں صارف کو سب سے زیادہ جس چیز کی فکر ہوتی ہے وہ موبائل میں موجود ڈیٹا ہوتا ہے، اگر بروقت فون کو بلاک یا رپورٹ نا کروایا جائے تو کوئی بھی اس کا غلط استعمال کر کے آپ کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔اسی ضمن میں پی ٹی اے نے آن لائن طریقہ صارفین کو بتایا ہے جس کے تحت گھر بیٹھے اپنی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔ دی نیو لاسٹ اینڈ اسٹولن ڈیوائس سسٹم کے تحت آپ شکایت کر سکتے ہیں، پی ٹی اے کی شکایت کی ویب سائٹ پر جائیں اور دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ آپ کو اپنی کچھ بنیادی تفصیلات بتانا ہوں گی جیسا کہ نام، پتہ، ای میل اور شناختی کارڈ نمبر وغیرہ۔ گمشدہ فون کی تفصیلات بھی بتانا ہوں گی۔ درخواست دائر کروانے کے بعد آپ کو ریفرنس نمبر دیا جائے گا جس کے بعد 24 گھنٹے کے اندر اندر فون بلاک کر دیا جائے گا۔دوسری جانب اگر آپ کا فون مل جاتا ہے تو اسی ویب سائٹ پر جاکر آپ ان بلاک کے آپشن کا انتخاب کر کے فون ان بلاک کر سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے گمشدہ یا چھینے جانے والے فون کو بلاک کروانے کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے۔