کراچی(یواین پی) جون یا پھر ایونٹ منسوخ، پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز پر واضح کر دیا۔کراچی میں پی ایس ایل6 کا میلہ کورونا کیسز کی وجہ سے 14 میچز کے بعد ہی اجڑ گیا تھا، بقیہ مقابلوں کا یکم سے 20 جون تک کراچی میں انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے، مگر فرنچائزز نے بورڈ سے ایونٹ یو اے ای منتقل کرنے کی درخواست کر دی، حکام نے امارات کرکٹ بورڈ سے اس حوالے سے رابطہ بھی کر لیا.
گزشتہ روز ٹیم اونرز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں بورڈ نے انھیں معاملات پر اعتماد میں لیا، چیئرمین احسان مانی، سی ای او وسیم خان سمیت تمام اعلیٰ حکام میٹنگ میں شریک ہوئے،ٹیم مالکان کو بتایا گیا کہ اگر جون میں میچز نہ ہو سکے تو پھر اگلی ونڈو نہیں مل پائے گی۔یوں اس سال ایونٹ کو منسوخ کرنا پڑ سکتا ہے جس سے بھاری مالی نقصان ہوگا،بورڈ نے امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے، انھیں اپنی حکومت سے اجازت مل گئی اور لاجسٹک کے مسائل حل ہو گئے تو ہم لیگ یو اے ای منتقل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ ابوظبی میں کوویڈ کے حوالے سے زیادہ سختی ہے لہذا میچز کا وہاں انعقاد بہتر رہے گا، بعض اونرز نے دبئی میں میچز پر اصرار کیا،اس حوالے سے ابھی مزید غور ہوگا،ایک ٹیم کے مالک نے میزبانی کے لیے سری لنکا کا نام بھی پیش کیا مگر اسے مسترد کر دیا گیا۔اگر یو اے ای میں ایونٹ کرانے کی راہ میں رکاوٹیں آئیں تو بورڈ حکام عید کے بعد این سی او سی سے دوبارہ رائے لیں گے، اس صورت میں ایونٹ کے انعقاد کا امکان معدوم ہو جائے گا۔پی سی بی آئندہ چند روز بعد پی ایس ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ میں فرنچائزز کولیگ یو اے ای لیگ منتقلی کی صورت میں اضافی اخراجات سے آگاہ کرے گا۔ واضح رہے کہ اس بار پی سی بی نے بایؤسیکور ببل کی تشکیل کے لیے برطانوی کمپنی ریسڑاٹا سے معاہدے کا فیصلہ کیا ہے، حکام کو امید ہے کہ اس سے مقابلوں کے بااحسن انداز میں انعقاد میں مدد ملے گی۔دوسری جانب ٹیم اونرز ایونٹ کی یو اے ای منتقلی کے حوالے سے اپنی تجویز قبول کیے جانے پر بیحد مسرور ہیں،انھیں لگتا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال میں میچز کا انعقاد ممکن نہیں تھا، بعض بورڈ آفیشلز بھی سیر اور الاؤنس کی وجہ سے خوشی سے سرشار ہیں۔