اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور کنول شوذیب کی جانب سے ویڈیو معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق وزیراعظم اور سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کردی۔الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک وائرل ویڈیو میں ملتان سے رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی، سینیٹ انتخاب میں اپنے والد کو فائدہ پہنچانے کیلئے کچھ پارلیمنٹرینز کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتارہے ہیں اور انہیں نمبرز دے کر بیلٹ پر لکھنے کا بھی کہہ رہے ہیں۔درخواست میں کہا گیا کہ
بعدازاں ایک پریس کانفرنس کر کے انہوں نے سینیٹ الیکشن متاثر کرنے کے اس مجرمانہ فعل میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا۔درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کرپٹ پریکٹس سے محفوظ بناتے ہوئے منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کروانے کا پابند ہے۔درخواست گزاروں کے مطابق یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہوئے اور الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کے تحت سزاوار ہیں۔ استدعا کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی کو قانون و آئین کی خلاف ورزی کرنے اور بیٹے کے ساتھ مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہونے پر نااہل قرار دیا جائے۔