رائے پور(نیوزڈیسک )مودی حکومت ایک طرف بھارت کو ایشین ٹائیگر بنانے کا خواب دیکھ رہی ہے تو دوسری طرف حال یہ ہے کہ اسکولوں میں بچوں کو ڈی سے ڈاکٹر کے بجائے دارو اور پی سے پیو پڑھایا جارہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع کوریا میں سرکاری اسکول کے ٹیچر شیوبارن سنگھ کے بارے میں اطلاعات ملیں کہ وہ اسکول میں شراب پی کر آتے ہیں اورنشے ہی کی حالت میں بچوں کو پڑھاتے بھی ہیں۔خبر کی تصدیق کے لئے جب میڈیا کے ایک نمائندے وہاں پہنچے تو انہیں اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک کلاس روم کے بلیک بورڈ پر لکھی ہوئی تحریر پڑھی،اس وقت مذکورہ استاد بچوں کوانگریزی زبان میں لیکچر دے رہے تھے اور بلیک بورڈ پر ہندی میں تحریر تھا ڈی فار دارو یعنی شراب اور پی فار پیو ۔جب صحافی نے ان سے سوال کیا تو معلوم ہوا وہ اس وقت بھی نشے کی حالت میں تھے اور اپنے منفرد طریقہ تعلیم کی بھی حمایت کررہے تھے ،بعد ازاں شیوبارن سنگھ نے روزانہ شراب پی کر اسکول آنے کا اعتراف کیادوسری جانب میڈیا پرخبرنشر ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے اور الزام ثابت ہونے پرشیوبارن سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔