لاہور (آن لائن) لیسکو نے اپنا ریونیو بڑھانے کے لئے شہر بھر میں گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے پرانے بجلی کے میٹروں کو ڈیفیکٹو قرار دیتے ہوئے ان صارفین کو گزشتہ سال کی ایوریج کے مطابق اضافی بل ارسال کردئیے ہیں۔ لیسکو نے ان تمام میٹروں کو بھی ڈیفیکٹو قرار دے دیا ہے جو آپریشنل شکل
میں موجود ہیں اور باقاعدہ ریڈنگ دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بجلی صارفین کی ایک بڑی تعداد شہر بھر کے لیسکو سب ڈویژن دفاتر میں پہنچ گئی جہاں لیسکو ملازمین نے ان کی شکایت سننے کی بجائے انہیں پرانا میٹر ہونے کی بنا پر اضافی بل بھیجنے کا سبق پڑھا دیا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ رواں ماہ ازخود ہی ان کے پرانے میٹر تبدیل کردئیے جائیں گے جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ جب ان کے بجلی کے میٹر درست کام کر رہے ہیں تو انہیں ڈیفیکٹو کیوں قرار دیا گیا لیسکو صارفین سے میٹرو کی ریڈنگ سے مطابق بل موصول کرے مزید برآں لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہ دسمبر میں بجلی کا استعمال انتہائی کم ہونے کی وجہ سے لیسکو کی آمدن میں بھی کمی واقع ہو جاتی ہے جبکہ لیسکو کے اخراجات جوں کے توں رہتے ہیں اس فرق کو مٹانے کے لئے لیسکو نے پرانے میٹروں کو بنیاد بنا کر صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیا ہے۔ جس سے وزیراعظم عمران خان کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔