اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے محمود خان اچکزئی کے بیان کی حمایت کر دی۔خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ لاہور جلسے میں محمود خان اچکزئی نے کوئی غلط بات نہیں کی۔
آزادی کے وقت کچھ ملک دشمنوں نے پاکستان کا ساتھ نہیں دیا تھا۔دشمنوں میں لاہور کے بھی پاکستان مخالف لوگ شامل تھے۔دریں اثنا پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے صدر محمود خان اچکزئی نے مینار پاکستان کے جلسے میں پنجابیوں کے بارے دئیے گئے اپنے بیان پرمعافی مانگ لی۔ محمودخان اچکزئی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ لاہور جلسہ میں پنجابی قوم کے بارے میں میرے کچھ الفاظ سے میرے پنجابی بھائیوں کی دل آزاری ہوئی،میں اپنے سب پنجابی بھائیوں سے معذرت کرتا ہوں۔ بیان کے ساتھ ہاتھ جوڑ کر معافی کی ایموجی بھی لگائی گئی ہے۔یاد رہے کہ محمود خان اچکزئی نے مینار پاکستان کے جلسے میں لاہوریوں اور پنجابیوں پر سامراج کاساتھ دینے کی بات کی تھی جس کے بعدسے ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی۔