کراچی(این این آئی)روشنیوں کا شہر کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا۔یو ایس ایئر کوالٹی انڈیکس نے شہر کے فضائی معیار کو انتہائی آلودہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 372 پرٹیکیولیٹ میٹرز تک جا پہنچی۔
جس کے باعث صبح 8 بجے کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر تھا۔طبی ماہرین نے اسموگ اور مضراثرات دھوئیں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسموگ اور مضر صحت دھویں سے انسانی صحت پر پڑنے والے مضر اثرات سے گلے ،سانس اور آنکھوں میں جلن جیسے امراض میں اضافہ ہوا ہے جس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، گھروں کی کھڑکیاں، دروازے بند رکھنے اور بلاوجہ گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔