سرگودھا(این این آئی) سرگودھا میانوالی روڈ کے قصبہ قائدآباد میں بینک منیجر کو سکیورٹی گارڈنے معمولی بات پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ جس کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر کے پولیس مصروف تفتیش ہے۔ذرائع کے مطابق سرگودھا میانوالی روڈ کے قصبہ قائد
آباد میں عمران حنیف بنک منیجر اور احمد نواز اسی بنک میں سکیورٹی گارڈ تھا جہاں دونوں کے درمیان کسی بات پر توں تکرار ہوئی تو معاملہ شدت اختیار کر گیا اور مشتعل سکیورٹی گارڈ احمد نواز نے اپنے ہی بنک منیجر عمران حنیف پر فائرنگ کر دی جس سے بنک منیجر عمران حنیف شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ زخمی بنک منیجر عمران حنیف علاقہ کے دکاندار راجہ فیاض کے ماموں ہیں جن کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔جسے کچھ اور رنگ دے کر معاملہ الجھایا جا رہا ہے اس لئے پولیس حقائق کو جان کر انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم کو قرار واقعی سزا دلائے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گارڈ نے توہین مذہب کے الزام پر منیجر کو مارنے کی کوشش کی ہے لیکن دوسری جانب بینک کے ایک ملازم کا کہنا ہے کہ بینک منیجر پر لگایا گیا الزام غلط ہے، وہ منیجر کے ساتھ کئی برسوں سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کبھی بھی مذہب یا مسلک پر کبھی کسی سے بحث نہیں کی۔ اصل حقائق تو تحقیق مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔