بہاولپور (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کے 2 جلسوں کے بعد ہی انتخابات کی باتیں کرنے لگے ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان
ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی صورت میں اپوزیشن متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ برطانیہ جائوں گا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن لے کر آئوں گا،وزیر اعظم کو معلوم ہونا چاہیے کہ برطانیہ میں قانون کی حکمرانی ہے، وہاں قومی احتساب بیورو (نیب) کا حکم نہیں چلتا۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی قائد نواز شریف کی واپسی صرف اور صرف ان کی صحت سے مشروط ہے۔احسن اقبال نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتار ی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حراست کو 225 دن ہوچکے ہیں، یہ میڈیا کی آزادی کو دبانا نہیں تو اور کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ حکومت کوئٹہ کے جلسے کو سیکیورٹی کے نام پر ناکام بنانا چاہتی ہے، اتوار کا جلسہ کوئٹہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔