اسلام آباد(آن لائن)پاکستان بار کونسل نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر قانون فروغ نسیم اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر مرزا سے فوری طور پر عہدوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے، پاکستان بار کونسل کے وائس
چیرمین عابد ساقی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اعظم نذیر تارڑ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان بار کونسل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف حکومتی ریفرنس غیر قانونی ، غیر آئینی اور بدنیتی پر مبنی قرار دینے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتی ہے ، مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور اس کے اہلکاروں نے اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل، عدلیہ کو بدنام کرنے کے لیے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس داخل کیا ، بیان میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس وزیر قانون فروغ نسیم اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر مرزا غیر آئینی غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس کے ماسٹر مائنڈ ہیں جب کہ صدر عارف علوی نے اپنا ذہن استعمال نہیں کیا۔ مشترکہ بیان میں صدر عارف علوی وزیر قانون فروغ نسیم اور شہزاد اکبر مرزا سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل قاضی فائز عیسیٰ کیس میں نظر ثانی کی اپنی درخواست میں مزید قانونی نکات پر متفرق درخواست بھی دائر کرے گی۔