لاہور(این این آئی) ایل پی جی کی قیمت10 روپے اضافے کے بعد ملک بھر میں 130روپے فی کلو پر پہنچ گئی جس سے گھریلو سلنڈر 120 روپے اور کمرشل سلنڈر 455 روپے مہنگا ہو گیا۔ سعودی ارامکو کی قیمت اکتوبر2020 میں
379 ڈالر فی میٹرک ٹن تھی جو کہ60 ڈالر فی میٹرک ٹن کے اضافے کے بعدنومبر 2020کیلئے 439ڈالر پر پہنچ گئی،جس سے آئندہ چند دنوں میں ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر2900ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی ضرورت ہے جس کوپورا کرنے کیلئے 900 ایم ایم سی ایف ڈی قدرتی گیس کے ساتھ 800 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل این جی شامل کی جاتی ہے جس کے باوجودملک کو 1200 ایم ایم سی ایف ڈی کے شارٹ فال کا سامنا ہے جو کہ آئندہ دنوں میں مزید بڑھ جائے گا۔اس کے علاوہ1200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی چوری اور لائن لاس کی وجہ سے حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا خسارے کا سامنا ہے۔ سردیوں میں 1 لاکھ میٹرک ٹن ایل پی جی امپورٹ کی ضرورت ہے۔