اسلام آباد (آئی این پی)حکومت نے نواز شریف کی طلبی کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروادی، وفاق کی جانب سے دائر 2متفرق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرلی گئیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی، کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ کریگا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے 7اکتوبر کے حکم میں دو ملکی اخبارات میں اشتہارات شائع کرانے کا حکم دیا تھا، نواز شریف برطانیہ میں ہیں، لہذا طلبی کیلئے برطانوی اخبارات میں اشتہارت دئیے جائیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ برطانوی اخبارات میں اشتہار شائع کروانے کی اجازت دی جائے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاق نے نواز شریف کی طلبی کے اشتہار کیلئے رقم عدالت میں جمع کروادی، رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی طلبی کیلئے کاز لسٹ جاری کردی۔