کراچی(این این آئی)ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملک قرضوں کی دلدل میں بری طرح پھنس چکا ہے۔دو سال کے دوران کھربوں روپے کے بھاری قرضے لئے گئے ہیں جن
کے جواز سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔روپے کی بے قدری ،معاشی بدحالی اوربے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انکی روک تھام کے لئے زبانی جمع خرچ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ قرضوں اور سیاسی عدم استحکام کے نئے ریکارڈ قائم کئے جا رہے ہیں جس سے معیشت ہچکولے کھا رہی ہے ۔سابقہ حکومت نے بھی بھاری قرضے لئے مگر درجنوںترقیاتی منصوبے بھی مکمل کئے۔موجودہ حکومت نے قرضوں میں انکا ریکارڈ توڑ ڈالا مگر عوام کو کوئی جواز فراہم نہ کیا جا سکا ۔موجودہ حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں بھاری کٹوتیاں کی ہیں جس سے غربت و بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔اگر ملک اسی طرح کسی معاشی حکمت عملی کے بغیر چلتا رہا تواور اسی رفتار سے قرضے لئے جاتے رہے تو یہ جلد ہی معیشت کو ڈبو دینگے۔