اسلام آباد (این این آئی)گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق قومی سلامتی کے اداروں کے حکام نے سیاسی رہنماؤں پر واضح کیا ہے کہ فوج کو انتخابی عمل سے دور رکھاجائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے
سے سیاسی قیادت اور قومی سلامتی اداروں کے نمائندوں کے درمیان میٹنگ ہوئی۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے اداروں کے حکام نے سیاسی رہنماؤں سے کہا کہ پاک فوج ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنے فرائض ماضی کی طرح ادا کرتی رہے گی لیکن انتخابی عمل، پولنگ اور بیلٹ جیسے معاملات میں افواج پاکستان کو دور رکھا جائے اور سول امور اور معاملات کو سول انتظامیہ ہی سرانجام دے۔اس حوالے سے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مقتدر حلقوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں کسی کام میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں، ملک کی سلامتی اور جمہوریت انہیں عزیز ہے۔شیخ رشید کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف ہوں گے، مقتدر حلقوں نے کہا کہ جو بھی منتخب حکومت ہوگی، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم کسی ایک حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔