سکھر (این این آئی)سکھر کے 3 فٹ قد کے 53 سالہ با اثر کنوارے جیالے وڈیرے منظور حسین میتلو نے اپنی شریک حیات ڈھونڈ لی، مگر شادی کرپشن کیس میں گرفتار پی پی رہنما خورشید شاہ کی رہائی سے مشروط کر دی۔پی پی رہنما خورشید شاہ کی رہائی کیلئے اہل خانہ اتنی شدت سے منتظر نہیں جتنی شدت سے 53 سالہ پستہ قد کا وڈیرہ منظور احمد میتلو ہے۔
سکھر کی میتلو برادری کے 53 سالہ 3 فٹ قد کے با اثر وڈیرے منظور حسین میتلونے سوچ رکھا تھا کہ زندگی تنہا ہی گزارنی ہے، مگر پی پی رہنما خورشید شاہ نے کرپشن کے الزام میں گرفتاری کے بعد جیل کسٹڈی کے دوران ملاقاتوں میں جیالے وڈیرے کو شادی کیلئے راضی کرلیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ وڈیرہ منظور حسین میتلو ابھی آپ شادی کریں، کیونکہ یہ حبیب سائیں کی سنت بھی ہے۔پی پی رہنما کے اصرار پر شادی کیلئے آمادگی کے بعد بااثر پستہ قد کے وڈیرے نے اپنی شریک حیات بھی ڈھونڈ لی ہے مگر شادی خورشید شاہ کی رہائی تک ملتوی کر رکھی ہے، وڈیرے کی خواہش ہے کہ خورشید شاہ اس کے نکاح میں ضرورشرکت کریں اور شادی کے گواہ بھی بنیں۔وڈیرہ منظور حسین میتلو کاکہنا ہے کہ جب میلے کا مور ہوگا تو شادی ہوگی نا!واضح رہے کہ پستہ قد ہونے کے باوجود وڈیرا اپنے علاقے میں خاصا اثرو رسوخ رکھتا ہے جو برادری سمیت اہل علاقہ کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہتا ہے۔وڈیرا منظور احمد میتلو شدت سے منتظر ہے کہ خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی جلد ممکن ہو تاکہ وہ بھی جلد اپنی دلہن کو بیاہ کر لاسکے۔