ہنوئی (این این آئی )ویتنامی حکومت نے کہاہے کہ ملکی ایئر لائن میں زیر ملازمت پاکستانی پائلٹوں کے لائسنس جعلی نہیں ہیں۔ ویتنامی سول ایوی ایشن نے تمام پاکستانی پائلٹس کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ویتنامی دارالحکومت ہنوئی میں حکام نے تصدیق کی کہ ویتنام کی مختلف ایئر لائنز میں کام کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹوں کے پاس جائز اور صحیح لائسنس موجود ہیں۔ سرکاری بیان کے مطابق کوئی بھی پائلٹ پرواز کے واقعے یا حفاظتی خطرے
میں ملوث نہیں رہا۔ویتنام کی حکومت کے بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ہوا بازی کے ریگولیٹری ادارے کی جانب سے اجرا کیے گئے تمام لائسنس صحیح ہیں۔ بیان کے مطابق میڈیا رپورٹوں کے برعکس، کوئی بھی لائسنس جعلی نہیں ہے۔ویتنام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ویتنام نے ستائیس پاکستانی پائلٹوں کو لائسنس جاری کیا تھا اور ان میں سے بارہ پائلٹ ابھی بھی سرگرم ہیں۔ دیگر پندرہ پائلٹوں کے کانٹریکٹ کی مدت مکمل ہو چکی ہے یا پھر وہ غیر فعال تھے۔