کراچی (این این آئی)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ کے بیٹے فرخ شاہ کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے فرخ شاہ کو 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالتِ عظمی نے خورشید شاہ کی درخواستِ ضمانت پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کر دیا۔نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ خورشید شاہ و دیگر پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کے اہل خانہ طلبی نوٹس کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہو سکے تھے۔نیب ذرائع کے مطابق بینکنگ ٹرانزیکشن کے متعلق جوابات جمع کرانے کے لیے خورشیدشاہ کے بیٹوں سمیت گھر کے 5 افراد کو کال اپ لیٹر جاری کیا گیا تھا۔سید خورشید شاہ کے فرزند زیرک شاہ کے علاوہ دیگر 4 افراد نیب کے سامنے پیش نہیں ہوسکے تھے، ریفرنس میں نامزد چاروں افراد کی عدم پیشی پر چاروں افراد کو دوبارہ طلب کیا جائے گا۔